لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

PSL

PSL

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پی ایس ایل 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی، لاہور کی ٹیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 179 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 18.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 179 رنز ہدف کے تعاقب میں لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور سہیل اختر نے کیا اور 64 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد سہیل اختر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے محمد حفیظ نے اوپنر فخرزمان کے ساتھ مل کر جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 115 رنز کی شراکت قائم کی، محمد حفیظ نے 73 اور فخر زمان نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت لاہور قلندرز نے ہدف 18.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹام بنٹن اور صائم ایوب نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 12 کے مجموعی اسکور پر دونوں پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے کرس گیل اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا۔

کرس گیل اور سرفراز احمد کے درمیان 101 رنز کی شراکت بنی جس کے بعد سرفراز 40 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلے اوور میں راشد خان نے کرس گیل کو 68 کے اسکور پر بولڈ کردیا جس کے بعد اعظم خان آئے جنہوں نے صرف 19 رنز بنائے، چھٹے نمبر پر آنے والے محمد نواز نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور صرف 20 گیندوں پر 33 رنز بنائے جس کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 178 رنز بناسکی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔