اوقاف اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام، شہباز شریف کیخلاف انکوائری کی منظوری

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کیخلاف اوقاف اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزام میں انکوائری شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

یہ اہم فیصلہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس بعد جاری اعلامیہ کے مطابق نیب نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا جبکہ مجموعی طور 7 انکوائریاں اور 5 انوسٹیگیشنز کی منظوری دی گئی۔

نیب اعلامیہ کے مطابق ایڈن ہاؤسنگ سکینڈل میں ڈاکٹر امجد کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے منظوری دی گئی۔ ان پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر عوام سے 25 ارب روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔

اس کے علاوہ سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔