ن لیگ کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور

 Captain (R) Safdar

Captain (R) Safdar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور کی مقامی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

کیپٹن (ر) صفدر کے وکلاء نے ان کی گرفتاری کے اگلے ہی روز ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت کی جانب سے 25 تاریخ کے نوٹس جاری کیے گئے تھے تاہم جج کی چھٹی کے باعث ضمانت کی درخواست پر سماعت نہ ہو سکی۔

بعدازاں لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ رانا آصف علی نے ہفتے کے روز کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست ضمانت پر سماعت کر کے اسے مسترد کر دیا تھا۔

تاہم اب لاہور کی سیشن عدالت نے 2 لاکھ روپےکے ضمانتی مچلکوں کے عوض کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور پولیس نے محمد صفدر کو چند روز قبل راوی ٹول پلازہ سے گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف تھانہ اسلام پورہ میں 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم گرفتاری کے اگلے ہی روز جب انہیں عدالت میں پیش کیا گیا تو پولیس نے ان پر مزید دو مقدمے درج کر دیئے تھے۔