لیگی رہنما جاوید لطیف 5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

 Javed Latif

Javed Latif

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو 5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

لاہور کی مقامی عدالت میں جاوید لطیف کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس انہیں سخت سکیورٹی میں ماڈل ٹاؤن کچہری لائی۔

رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کو مجسٹریٹ صابر ڈارکی عدالت میں پیش کیاگیا جہاں سرکاری وکیل اور جاوید لطیف کے وکلا نے دلائل دیے۔

پولیس نے جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو تقریباً 2 گھنٹے بعد سنایا گیا۔

عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے جاوید لطیف کو 5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

واضح رہےکہ سیشن عدالت سے عبوری ضمانت کے اخراج کے بعد گزشتہ روز جاوید لطیف کو گرفتار کیا گیا تھا۔