لبنانی حزب اللہ کے بعد عراقی ملیشیا کا ایران میں انسداد کرونا مہم میں حصہ لینے کا دعویٰ

Iraqi Militia

Iraqi Militia

عراق (اصل میڈیا ڈیسک) عراق میں قائم ایران نواز ایک شیعہ عسکری گروپ تحریک النجباء نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے کارکن ایران میں کرونا وائرس کے نتیجے میں پھیلنے والی وباء کی روک تھام میں تہران کا ہاتھ بٹا رہے ہیں۔ اس سے قبل لبنانی حزب اللہ نے بھی ایک ایسا ہی دعویٰ کیا تھا حزب اللہ ایران کے شہر قم میں کرونا وباء کی روک تھام میں مدد کررہی ہے۔

ایرانی حکومت نواز ویب سائٹس پرالنجباء گروپ کے ارکان کو قُم شہر کی سڑکوں پر جراثیم کش اسپرے کرتے دکھایا گیا ہے۔ عراقی شیعہ ملیشیا کے ارکان قم میں سپاہِ پاسدارانِ انقلاب کی نگرانی میں اسپرے مہم میں شامل ہیں۔

پاسداران انقلاب کی مقرب ویب سائٹ’تسنیم’ کی رپورٹ کے مطابق تحریک النجباء کے مندوب عباس موسوی نے قم میں تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ ایران پر الزام ہے کہ وہ عراق کے کئی شیعہ عسکری گروپوں کو اپنا اثرو نفوذ بڑھانے اور پڑوسی ممالک میں مداخلت کے لیے استعمال کرتے ہوئے ان کی فنڈنگ کررہا ہے۔

شام اور عراق میں موجود ایران نواز ملیشیائوں کی طرف سے بار بار امریکی فوج پرحملے بھی کیے جا چکے ہیں۔

عباس موسوی کا کہنا ہے کہ تحریک النجباء کی طرف سے قم میں 100 غریب گھرانوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ اس کے علاوہ اسپتالوں میں کام کرنے والے عملے اور مریضوں کے لیے 400 کلو گرام شہد بھی فراہم کیا گیا۔