لبنان کے علاقے البقاع پر اسرائیلی فضائی حملے

 Israeli Airstrikes

Israeli Airstrikes

لبنان (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیل نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب لبنانی البقاع کے علاقے قوسایا میں “فلسطینی پاپولر فرنٹ” تنظیم کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔

العربیہ کے ذرائع کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے لبنان اور شام کی سرحد پر تین حملے کیے اور البقاع کے مختلف علاقوں میں کئی دھماکے سنے گئے۔

ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے قبل لبنانی حزب اللہ تنظیم کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ میں دو ڈرون طیاروں کے گرنے کے بعد اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ نصر اللہ کے مطابق شام میں اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے ارکان کی ہلاکت کا جواب لبنانی اراضی میں دیا جائے گا۔

نصر اللہ کا کہنا تھا کہ الضاحیہ میں اسرائیلی ڈرون طیاروں کی موجودگی عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کے مراکز کو نشانہ بنانے کے منظرنامے کا اعادہ ہے تاہم اس بار یہ لبنان میں سامنے آیا۔

اس سے قبل حزب اللہ کے ایک ذمے دار نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ اتوار کو علی الصبح بیروت کے جنوبی نواح میں ایک اسرائیلی ڈرون طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جب کہ ایک دوسرا ڈرون طیارہ زمین کے نزدیک دھماکے سے پھٹ گیا۔

مذکورہ ذمے دار کے مطابق دوسرے ڈرون طیارہ حزب اللہ کے میڈیا مرکز کے نزدیک گرا جس کے نتیجے میں طیارے کے ٹکڑے لگنے سے مرکز کے اندر موجود تین افراد معمولی زخمی ہو گئے۔