‘لیاقت خٹک نے پارٹی کو دھوکا دیا، اس کا اثر پرویز خٹک کی سیاست پر بھی پڑے گا’

Shaukat Yousafzai

Shaukat Yousafzai

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اآئی) کے رہنما اور صوبائی وزیر خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ لیاقت خٹک نے نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کو دھوکا دیا۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لیاقت خٹک کے ایسے عمل سے پرویز خٹک کی سیاست پر بھی اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت خٹک کو پی ٹی آئی نے سنجیدہ نہیں لیا تھا، لیاقت خٹک اتنے اثر رسوخ والے ہیں یا نہیں اس کا علم نہیں، لیکن یہ ہمارے لیے سبق ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ لیاقت خٹک اگر اس پر خوش ہیں کہ ہمیں ہرا دیا تویہ بھی دیکھیں کہ ان کا مستقبل کیا ہو سکتا ہے، ان کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا، لیاقت خٹک کے خلاف کارروائی کے لیے پارٹی قانونی پہلوؤں کو بھی دیکھے گی۔

رہنما تحریک انصاف شوکت یوسف زئی کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف 11 جماعتیں تھیں تو دوسری طرف تحریک انصاف 2 گروپوں میں بٹ گئی تھی، ہمارے خلاف 11 جماعتیں مل کر انتخاب لڑی ہیں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ نوشہرہ میں ہم ہار گئے، مان تو رہے ہیں، دھاندلی کا شور نہیں کر رہے۔

پنجاب میں ضمنی انتخاب میں شکست کے حوالے سے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا اگر پی ٹی آئی پنجاب میں ہاری ہے تو وہاں بھی ہمارا ووٹ بینک بڑھا ہے۔