لیبیا کی قومی فوج نے طرابلس میں ترکی کا میزائل بردار ڈرون مار گرایا

Drone

Drone

طرابلس (اصل میڈیا ڈیسک) لیبیا کی قومی فوج نے کل منگل کی شام دارالحکومت طرابلس کے جنوب میں ترکی کے ایک میزائل بردار ڈرون کو مار گرانے کا اعلان کیا ہے۔

لیبیا کی فوج کے جنرل کمانڈ کے محکمہ ملٹری انفارمیشن کے ایک عہدیدار نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ طرابلس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ترکی کے ‘بیرقدار’ طرز کے ڈرون کو فائرنگ کرکے مار گرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈورن طیارہ میزائلوں سے لیس تھا جسے قومی فوج کے مراکز پر حملے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

خیال رہے کہ لیبیا کی قومی وفاق حکومت کے وفادار ملیشیا کے پاس قومی فوج کے مراکز کو نشانہ بنانے کے لیےدیگر ہتھیارں کےساتھ ترکی ساختہ ‘بیرقدار’ ڈورن طیارہ بھی اہم ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔

لیبیا کی مسلح افواج کے جنرل کمانڈ کے ترجمان میجر جنرل احمد المسماری نے فیس بک صفحے پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکی کی طر ف سے مصراتہ بندرگاہ کے راستے دہشت گردوں کو اسلحہ اور گولہ بارود کی فراہمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکی کی طرف سے لیبیا کی قومی وفاق حکومت اور اس کے وفاداروں کو مصراتہ بندرگاہ کےراستے اسلحہ پہنچایا جا رہا ہے۔ ترکی کی طرف سے قومی وفاق حکومت کی اسلحہ کے ذریعے مسلسل امداد جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔