ایل او سی کے پاس بسنے والوں کو بھی احساس پروگرام میں شامل کرینگے: ثانیہ نشتر

 Sania Nishtar

Sania Nishtar

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر لائن آف کنٹرول کے قرب و جوار میں بسنے والے تمام خاندانوں کو احساس کفالت پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے آزاد کشمیر لائن آف کنٹرول کے مکینوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکج دینے پر مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلی بار کسی علاقے کے سارے خاندانوں کے لیے غیر مشروط پیکج کا اعلان کیا ہے، لائن آف کنٹرول پر 219 دیہاتوں میں بسنے والے تمام ایک لاکھ 38 ہزار 285 خاندانوں کو احساس کیش پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ بغیر کسی تخصیص کے وفاقی کابینہ نے تمام پیکج کی منظوری دیتے ہوئے 3 ارب روپےمختص کر رکھے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والی خواتین جن کے پاس شناختی کارڈ ہے ان کو احساس ایمرجنسی کیش کی ادائیگیاں فوراً شروع کر دی جائیں گی جب کہ کارڈ نہ رکھنے والی خواتین کے لیے لائن آف کنٹرول کے اردگرد علاقوں میں 17 احساس سینٹرز بنائے جائیں گے۔