fbpx

لندن میں ’دہشت گردی کا واقعہ‘: مسلح شخص پولیس کے ہاتھوں ہلاک

Metropolitan Police

Metropolitan Police

سٹریتھم (اصل میڈیا ڈیسک) لندن پولیس نے بظاہر ایک ’دہشت گردانہ‘ حملہ کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے خنجر سے وار کر کے کم از کم دو افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

برطانوی دارالحکومت لندن میں یہ واقعہ اتوار دو فروری کی سہ پہر پیش آیا۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق شہر کے جنوبی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ایک شخص کو گولی مار دی۔

اس واقعے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا، ”ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ سہ پہر دو بجے کے قریب پولیس نے سٹریتھم میں جس شخس کو گولی ماری تھی، اس کا انتقال ہو گیا ہے۔‘‘

پولیس نے خنجر سے کیے گئے حملے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی کی ہے۔ تاہم اب تک یہ واضح نہیں کہ زخمیوں کی حالت کیسی ہے۔

قبل ازیں پولیس نے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا، ”سٹریتھم میں مسلح اہلکاروں نے ایک شخص کو گولی ماری۔ اس وقت تک کی معلومات کے مطابق کئی افراد کو خنجر سے زخمی کیا گیا تھا۔ حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس واقعے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دے دیا گیا ہے۔‘‘

اس سے پہلے پولیس نے ایک ٹویٹ میں عوام کو اس علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی۔

دریں اثناء سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کے بارے میں کئی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں تاہم اب تک ان کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔