ملیحہ لودھی نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے سامنے اٹھا دیا

 Maliha Lodhi

Maliha Lodhi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریز کے سامنے کشمیر کا مسئلہ اٹھا دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریز سے ملاقات میں ملیحہ لودھی نے انہیں بتایا کہ کشمیر میں صورتحال بدتدریج بگڑتی جارہی ہے، 5 اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات نے کشمیر میں متعدد بحرانوں کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے میں امن کو سنگین خطرہ لاحق کردیا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی ہیں، کشمیر میں ایک بڑے انسانی المیہ کے پیدا ہونے کا شدید خدشہ ہے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں 35 دن سے نافذ کرفیو نے معمولات زندگی کو مفلوج کیا ہے، کرفیو نے پوری وادی کو ظلمت میں دھکیل دیا ہے، بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قرادادوں کی واضح خلاف ورزی ہیں۔

پاکستان کی مستقل مندوب نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اپنے’تنازعات سے بچاؤ کی سفارتکاری‘کے ایجنڈے کو کشمیر پر بھی لاگو کرنا چاہیے، اقوام متحدہ کو قانون، انصاف اور انسانی حقوق کا بالادستی کے لیے آواز اٹھانی ہو گی، ‎کشمیر میں جاری ظلم پر پاکستان کبھی خاموش نہیں رہے گا۔