ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں، اسے اناڑیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے: سعد رفیق

Saad Rafiq

Saad Rafiq

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اناڑیوں کے ہاتھ میں ملک دیدیا گیا ہے، ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کا مقصد خواجہ آصف کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، ان گرفتاریوں کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ گرفتاریاں سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہیں۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف پر کوئی کیس نہیں بن رہا تھا، لاڈلے کی فرمائش پر خواجہ آصف کو گرفتار کیا گیا، خواجہ آصف کو جعلی کیس میں گرفتار کیا گیا، وہ جلد سرخرو ہو کر لوٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جمہوریت کے لیے کوئی جدوجہد نہیں ہے، آپ کوئی ایک سیاسی آدمی توڑ نہیں سکے، پہلے نیب کے ذریعے یہ کام کیا گیا اور اب ایف آئی اے کو بھی اس کام پر لگا دیا گیا ہے۔

رہنماون لیگ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پیش قدمی جاری رکھیں گے، ملک کو 73 کے آئین کے تحت آگے بڑھانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

وزیراعظم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آمریت اپنے آپ میں منفرد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے طیارے کے معاملے میں ملک کی بدنامی کرائی گئی، ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں، اناڑیوں کے ہاتھوں میں ملک دیدیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو 24 گھنٹےانتشار پھیلانے کا سوچتی ہے، روشن مستقبل کے لیے اس حکومت کو چلتا کرنا پڑے گا، اگر ملک کو مزید تباہ کرنا ہے تو انہیں مزید ڈھائی سال دیدینا چاہئیں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہر ہفتے مہنگائی بڑھ جاتی ہے، ہر بار قرضے بڑھ جاتے ہیں، پوچھنا چاہتا ہوں کہ ڈھائی سال میں عمران خان کی حکومت میں کونسا میگا پروجیکٹ شروع کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نواز شریف کی قیادت میں مشرف کے دور میں عدلیہ بحالی کی تحریک چلائی تھی، ہمارے اور پیپلز پارٹی دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔