منال خان کا عروسی لباس کہاں اور کتنے کاریگروں نے تیار کیا؟

Manal Khan

Manal Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کا نیا جوڑا معروف اداکارہ منال خان اور اداکار احسن محسن اکرام ان دنوں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

تاہم اب اداکارہ منال خان کا عروسی لباس سوشل میڈیا صارفین کی توجہ سمیٹے ہوئے ہے جسے فیشن ہاؤس انس ابرار کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

انسٹاگرام پر فیشن ڈیزائنر انس ابرار نے حال ہی میں اسٹوری شیئر کرتے ہوئے منال خان کے مداحوں کو ان کے عروسی لباس اور اس کی تیاری سے متعلق آگاہ کیا۔

انس ابرار کی جانب سے شیئر کی گئی انسٹا اسٹوری کے مطابق، منال خان کا عروسی لباس سرخ کے کینبری شیڈ پرگہرے مہرون ایپلک ،کامدانی اور زردوزی کے ساتھ تیار کیا گیا۔

فیشن ڈیزائنر انس ابرار کے مطابق، اداکارہ کے عروسی لہنگے کو 55 کاریگروں نے دن رات محنت کرکے تیار کیا۔

تاہم فی الحال یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کے عروسی لباس کی قیمت کیا تھی اور اسے تیار کرنے میں کتنا وقت لگا۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پوسٹ پر دعویٰ کیا جاچکا ہےکہ منال خان کے لہنگے کی قیمت 6 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ منال خان کا نکاح رواں ماہ کی 10 تاریخ کو اداکار احسن محسن کے ساتھ ہوا تھا جب کہ 12 تاریخ کو اداکار جوڑی کے ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی۔