شادی سے متعلق ملالہ کے بیان پر شوبز شخصیات کا سخت ردعمل

Malala Yousuf Zai

Malala Yousuf Zai

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) ملالہ یوسف زئی کے شادی سے متعلق بیان پر شوبز شخصیات کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔

ملالہ یوسف زئی کے برطانوی فیشن میگزین ‘ووگ’ کو انٹرویو کے دوران شادی سے متعلق دیے گئے بیان پر تنقید کی جارہی ہے اور پاکستان میں یہ معاملہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

دوران انٹرویو ملالہ نے کہا تھا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی۔

اب شوبز کی اہم شخصیات کی جانب سے بھی ملالہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔

اداکار فیروز خان نے ووگ میگزین کے سرورق کو شیئر کرتے ہوئے ملالہ کو کٹھ پتلی قرار دیا۔

رابی پیر زادہ نے ملالہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہن میں نے موسیقی چھوڑ دی ہے مگر آپ کو دیکھ کر نصرت فتح علی خان مرحوم یاد آگئے،’کیا سے کیا ہو گئے دیکھتے دیکھتے‘۔

انہوں نے کہا کہ’ہم مسلمان گالیاں یا فسق باتیں نہیں کرتے، صرف امید کرتے ہیں اگر دین کا کلچر نہیں پسند تو دین کو ریپریزنٹ مت کریں۔ اللہ ہم سب کو ہدایت دے، کوئی مکمل نہیں‘۔

ملالہ کے بیان پر اداکارہ آمنہ بخاری نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے رد عمل کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ یہ شرم کی بات ہے، ملالہ نے خاندانی نظام کے بنیادی اصولوں کی نفی کی جسے اسلام نے لازمی قرار دیا ہے، جیسا کہ میں اپنی سابقہ کہانیوں میں ذکر کرچکی ہوں، ملالہ مغرب کے ہاتھوں میں کھیلنے والی کٹھ پتلی ہے۔

دوسری جانب اداکار عمران اشرف نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قرآنی آیت شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو نکاح کی اہمیت بتائی۔