مروہ کے والدین کو بلانے پر سوشل میڈیا صارفین ندا یاسر پر برہم

Nida Yasir

Nida Yasir

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) نجی ٹی وی کے مارننگ شو کی میزبان اداکارہ ندا یاسر نے کراچی میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 5 سالہ مروہ کے والدین کو پروگرام میں مدعو کرکے دل سوز واقعے سے متعلق متعدد سوالات کیے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پیمرا سے شو بند کرانے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی کے علاقے عیسٰی نگری میں 5 سالہ مروہ کو دو ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور لاش کچرا کنڈی میں پھینک دی تھی۔ اس دل خراش واقعے پر ہر آنکھ نم اور ہر دل دکھ سے بھرا ہوا ہے۔ ایسے میں ندا یاسر نے اپنے مارننگ شو میں مروہ کے والدین کو بلایا اور واقعے سے متعلق متعدد سوالات پوچھے۔

ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں معروف سماجی کارکن صارم برنی اور ایک قانون دان کو بلایا۔ پروگرام کے دوران ندا یاسر نے واقعے سے متعلق والدین سے سوالات کیے جس پر برقع میں ملبوس مروہ کی والدہ زار و قطار رونے لگیں اور ایک موقع پر خود ندا یاسر بھی اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکیں۔

مارننگ شو کے ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو صارفین ندا یاسر پر پھٹ پڑے، صارفین نے کہا کہ مظلوم والدین ست پوری دنیا کے سامنے اس طرح کے سوالات ان کی دل جوئی کے بجائے انہیں مزید دکھی کرنے کا سبب بنے۔

ایک صارف نے لکھا کہ میزبان نے ایک بار پھر غمزدہ والدین کے زخموں کو ہرا کردیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ میڈیا کو اخلاقیات سیکھنے اور ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ چند صارفین نے پیمرا کی جانب سے اب تک پروگرام پر پابندی نہ لگانے پر تعجب کا اظہار بھی کیا۔