مریم نواز کی حکومت پر کڑی تنقید، 3 سالہ کارکردگی کو تباہی قرار دیدیا

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی کو تباہی اور بربادی قرار دے دیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مفاہمت تو دور کی بات ہے ان لوگوں سے تو بات بھی نہیں کرنی چاہیے، موجودہ حکومت کو باہر رکھ کر باقی جماعتوں کو اکٹھے ہو کر ملک کا سوچنا چاہیے۔

حکومت کی تین سالہ کارکردگی سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی تین سالہ کارکردگی تباہی اور بربادی ہے۔

میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن اور میڈیا کو تنگ کر رہی ہے، میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی میڈیا کی زباں بندی کا ہی تسلسل ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا اس وقت ہماری یہ کوشش ہونی چاہیے کہ حکومت کے الیکشن میں دھاندلی کے منصوبوں کو روکا جائے، ناجائز اور مسلط کی گئی حکومت کی جانب سے جاری احتساب صرف انتقام ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حالات بہت بدل گئے ہیں، بہت جلد آپ ہر چیز بدلتی ہوئی دیکھیں گے، جب ضروری ہوا تو نواز شریف وطن واپس آ جائیں گے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر کے خلاف سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔