حضرت مجدد الف ثانی سلسلہ نقشبندیہ کے امام ہیں: صوفی مسعود احمد صدیقی

Masood Ahmed Siddiqui

Masood Ahmed Siddiqui

لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن رجسٹرڈ انٹرنیشنل کے چیئرمین عاشق رسول ؐ، قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے کہاہے کہ برصغیر کی عظیم روحانی شخصیت حضرت شیخ احمد فاروقی سرہندی المعروف حضرت مجدد الف ثانی ؒ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے عظیم امام ہیں۔

برصغیر میں دین اسلام کی سربلندی اور حفاظت دین کیلئے حضرت مجدد الف ثانی ؒ کی بے پناہ خدمات ہیں، جن کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت مجددالف ثانی ؒ کے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کا کہنا تھاکہ قطبِ وقت حضرت مجدّد الف ثانی شیخ احمد سرہندیؒ کاسلسلہ نسب 13واسطوں سے خلیفہ ثانی مرادِ مصطفی حضرت سیّدنا عمر بن خطاب ؓ تک پہنچتا ہے،آپ صرف عوام الناس ہی نہیں بلکہ اَراکینِ حکومت اور اَربابِ حل وعقد کو بھی دعوت و تبلیغ فرماتے تھے۔

جلال الدین اکبر نے جب اعلانیہ دعوی اُلوہیت کیا اور ملعون بادشاہ فرعون کی طرح تختِ نخوت پر بیٹھ کر خلقت سے سجدہ کروانا چاہا تو حضرت مجدّد الف ثانی ؒنے غیرت میں آکر بادشاہ کے خلاف سخت ناراضگی کا اِظہار کیا۔ آپ کی دینی و روحانیت کے فروغ کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، جبکہ اختتام پر بارگاہ سرور کونین ؐ میں درودوسلام کے نذرانے اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔