نیا میڈیکل بورڈ تشکیل: سابق صدر آصف زرداری کے دماغ کا ایم آر آئی کر لیا گیا

Asif Zardari

Asif Zardari

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری کے لیے تشکیل دیے گئے نئے میڈیکل بورڈ نے کام کا آغاز کر دیا۔گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹ (ایم ایس) کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی حکم کے بعد نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا جس نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان پمز کے مطابق نئے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز نے سابق صدر آصف زرداری کا معائنہ کیا، ان کے دماغ کا ایم آر آئی بھی کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر مظہر بادشاہ کی سربراہی میں ڈاکٹرز نے آصف علی زرداری کا ایم آر آئی کیا۔

عدالتی حکم کے بعد سینٹ داخلہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رحمٰن ملک کی ہدایت پر آصف علی زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیاگیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد میں دائر کی گئی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر 23 اکتوبر کو پمز منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک زیر علاج ہیں۔