ممبران الیکشن کمیشن کی تعیناتی پر اتفاق نہ ہو سکا

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن کے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ایک بار پھر بے نتیجہ ختم ہو گیا۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی کا ایک اور ان کیمرہ اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے ممبران الیکشن کمیشن کی تعیناتی پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی پر غیر رسمی ذیلی کمیٹی بنا دی گئی ہے، کمیٹی میں حکومت کی جانب سے وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چودھری جبکہ اپوزیشن کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور راجہ پرویز اشرف رکن ہوں گے، ذیلی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہو گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اجلاس اچھے ماحول میں ہوا، توقع ہے مزید ایک اجلاس میں فیصلہ کر لیں گے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ آج کے اجلاس میں فیصلہ نہ ہوسکا اورممبران الیکشن کمیشن کی تعناتی کے حوالے سے فیصلہ ہونے کے آثار بہت کم ہیں، لیگی رکن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعناتی کا جلد میرٹ پر فیصلہ کر لیا جائیگا۔