مردوں پر بھی گھریلو تشدد ہوتا ہے، تحفظ کے لیے حکومتی مہم

Men Domestic Violence

Men Domestic Violence

جرمنی (جیوڈیسک) عام طور پر کہا یہ جاتا ہے کہ دنیا کے بہت سے ممالک میں خواتین پر گھریلو تشدد کیا جاتا ہے مگر یہ تصویر کا صرف ایک رخ ہے۔ اس لیے کہ دنیا کے بہت سے ممالک میں مردوں پر بھی گھریلو تشدد کیا جاتا ہے جو خواتین کرتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مردوں پر گھریلو تشدد زیادہ تر ان معاشروں میں ہوتا ہے جہاں خواتین کو سماجی طور پر بہت زیادہ مساوی حقوق حاصل ہوتے ہیں اور ان معاشروں میں جو پدر شاہی معاشرے نہیں ہوتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پدر شاہی سماجی ڈھانچوں میں تو اکثر خواتین ایسا کرنے کا سوچتی بھی نہیں۔ جن ممالک میں مردوں کو صنف مخالف کے ہاتھوں اس طرح کے گھریلو تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان میں کئی مغربی ممالک بھی شامل ہیں، جن میں سے ایک مثال جرمنی کی بھی ہے۔

جرمنی کی کل سولہ میں سے دو وفاقی ریاستوں میں اب حکومتی سطح پر تاریخ میں پہلی بار ایسی باقاعدہ سرکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد مردوں کو گھریلو تشدد سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس بارے میں وفاقی جرمن صوبوں باویریا اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں حکام نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اب اس موضوع کو سماجی طور پر شجر ممنوعہ رکھنے کی سوچ تبدیل ہونا چاہیے اور اس مسئلے کا کوئی مستقل حل نکالا جانا چاہیے۔

ان دونوں جرمن صوبوں میں، جن میں سے ایک جرمنی کا جنوبی صوبہ باویریا ہے اور دوسرا ملک کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا (این آر ڈبلیو)، اب پہلی بار یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ علاقائی حکومتیں نہ صرف مردوں پر گھریلو تشدد کے خلاف ٹیلی فون ہاٹ لائنیں قائم کریں گی بلکہ اسی سلسلے میں صوبائی سطح پر متاثرین کی مدد کے لیے آن لائن مشاورتی پلیٹ فارم بھی قائم کیے جائیں گے۔

یہی نہیں بلکہ آئندہ ان صوبوں میں ایسے ‘محفوظ گھر‘ بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں گھریلو زندگی میں تشدد کا شکار ہونے والے مردوں کو رہائش اختیار کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس بارے میں ان دونوں جرمن صوبوں کے علاقائی حکومتی اہلکاروں کی طرف سے بتایا گیا کہ اب بالآخر ‘اس تشدد کو نظر آنا چاہیے اور اس پر پردہ پوشی کے لیے کھڑی کی گئی دیواریں گرائی جانا چاہییں‘۔

جرمنی سمیت دنیا کے کئی ممالک میں سرکاری سطح پر یہ کوششیں اب ماضی کے مقابلے میں کافی زیادہ ہو چکی ہیں کہ صرف مردوں کی طرف سے تشدد کا شکار ہونے والی عورتوں کو ہی نہیں بلکہ ان مردوں کو بھی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے، جو ازدواجی زندگی میں اپنی ساتھی خواتین کی طرف سے مار پیٹ اور تشدد کا شکار ہوتے ہیں۔

مردوں کے تحفظ کی ان صوبائی مہموں کو متعارف کراتے ہوئے باویریا اور این آر ڈبلیو کی حکومتوں کے نمائندوں کی طرف سے کہا گیا کہ وہ اس امر کا خیر مقدم کریں گے کہ اسی طرح کی حکومتی پیش رفت کا مظاہرہ جرمنی کے باقی ماندہ چودہ وفاقی صوبے بھی کریں۔

این آر ڈبلیو کی صوبائی حکومت کی ایک نمائندہ اہلکار اینا شارین باخ نے کہا، ”ڈسلڈورف میں صوبائی حکومت مردوں اور لڑکوں پر گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے ایک ایسا ایکشن پلان تیار کر رہی ہے، جسے باقاعدہ قانون سازی کے لیے منظوری کی خاطر 2021ء میں صوبائی پارلیمان میں پیش کر دیا جائے گا۔‘‘

جرمنی میں جرائم کی روک تھام کے وفاقی دفتر کے مطابق یہ ادارہ ہر سال گھریلو تشدد سے متعلقہ جرائم کے بارے میں باقاعدہ اعداد و شمار جمع کرتا ہے۔ اس دفتر کی 2018ء میں 2017ء کے لیے جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق جرمنی میں گزشتہ برس گھریلو تشدد کے جتنے بھی واقعات رونما ہوئے، ان میں سے 18 فیصد متاثرین مرد تھے۔

بی کے اے نامی اس وفاقی دفتر کے مطابق 2017ء میں جن جرمن شہریوں نے اپنے یا اپنی شریک حیات کی طرف سے گھریلو تشدد، جنسی زیادتی، اقدام قتل اور شخصی آزادی کو محدود کر دینے جیسے جرائم کی پولیس کو باقاعدہ اطلاع دی، ان میں سے تقریباﹰ 24 ہزار متاثرین مرد تھے۔ ساتھ ہی بی کے اے نے یہ بھی کہا کہ جرمنی میں ایسے جرائم سے متاثرہ مردوں کی اصل تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ بہت سے مرد سماجی طور پر شرمندگی کی خوف کی وجہ سے پولیس کو ایسے جرائم کی اطلاع ہی نہیں دیتے۔