مصباح الحق نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کیلیے پرعزم

 Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

نیوزی لینڈ (اصل میڈیا ڈیسک) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق قرنطینہ کی وجہ سے تیاریاں متاثر ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کیلیے پرعزم ہیں۔

کوئنز ٹاؤن سے ویڈیو کال پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے کورونا پروٹوکولز کا احترام کرتے ہیں، پابندیوں کا وقت گزر گیا،اب آزادی سے گھوم پھر رہے ہیں، تیاریوں کے لیے وقت بہت کم ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ تین ہفتے کا کام ایک ہفتے میں کرنا مشکل ہے مگر ایک پروفیشنل کے طور پر اپنی کارکردگی کا ملبہ قرنطینہ پر نہیں ڈال سکتے، مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں، میسر وقت میں بہترین تیاری کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک سخت جان حریف ہے،کیویز کے دیس میں مہمان ٹیموں کو ہمیشہ مشکلات پیش آتی ہیں،پاکستان ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود اور سب جیت کے لیے پرعزم ہیں، یہاں سے سرخرو ہو کر وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔پاکستانی بولرز صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔