منی بجٹ تیار، ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کا خطرہ منڈلانے لگا

Inflation

Inflation

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) منی بجٹ تیار ہے اور ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

منی بجٹ میں کاسمیٹکس، ڈبہ بند خوراک اور لگژری آئٹمز مہنگے ہوں گے، امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتیں بھی اوپر جائیں گی۔

چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ منی بجٹ تیار ہوچکا ہے، حکومت جب کہے گی پیش کردیں گے، سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو واپس لیا جارہا ہے ، لگژری اشیاء کی درآمدات پر ٹیکس لگائے جائیں گے،درآمدی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس ریفائنری اسٹیج پر لاگو ہو گا، کھانے پینے کی اشیاء اورادویات پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہےگی۔

دوسری جانب ،ایف بی آر نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت 40 بڑے شہروں میں غیر منقولہ جائیداد کی ویلیو بڑھا دی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ منی بجٹ لانے کے اعلان سے ثابت ہواکہ قومی بجٹ کے موقع پر جھوٹ بولا گیا، منی بجٹ لانے والے کہتے تھے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئےگا، عمران نیازی نے ایک اور یوٹرن لیا ہے۔

شہبازشریف کاکہنا تھا کہ یہ منی بجٹ نہیں، معاشی تباہی اور مہنگائی کا سیاہ طوفان ہے، منی بجٹ قومی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔