جہاں پیسوں کی ریل پیل ہو گی وہاں خود بخود ترقی ہوتی ہے: عمر ایوب

Omar Ayub Khan

Omar Ayub Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان کا کہنا ہے جہاں پیسوں کی ریل پیل ہو گی وہاں خود بخود ترقی ہوتی ہے۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پاکستان ٹورازم فورم کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی شعبے کے فروغ میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے باہمی تعاون سے اسلام آباد میں سیاحتی میلے کا انعقاد ممکن ہوا، مسلح افواج اور وفاقی وزراء نے ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، مستقبل میں پیرا گلائیڈنگ اور اسکائی ڈائیونگ کو عام کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جہاں پیسوں کی ریل پیل ہو گی وہاں خود بخود ترقی ہوتی ہے جب کہ بھارت کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کو منفی انداز میں پیش کیا جائے۔

عمر ایوب خان کا کہنا تھا آرمی چیف سے درخواست کی کہ ٹورازم کے لیے تعاون چاہیے، آرمی چیف نے کہا کہ ٹورازم کے فروغ کے لیے جو بھی ضروریات ہیں پوری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں ٹورازم کے فروغ کے لیے سامنے آنا چاہیے کیونکہ ملک میں جتنی سیاحت ہو گی اس سے معیشت کو سہارا ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ مصر میں سیاحت ہو سکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ ہمارا مشن ہے کہ ہم نے ملک میں اسکائی ڈائیونگ کو فروغ دینا ہے، کوہ پیمائی کے لیے بھی نوجوان آگے آئیں اپنا لوہا منوائیں۔