مسجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہو سکتے: آرمی چیف

General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کوئٹہ کی مقامی مسجد میں مغرب کی نماز کے دوران ہونے والے دھماکے پر ردعمل میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے سچے مسلمان نہیں ہو سکتے۔

صوبہ بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردی کے نشانے پر ہے اور رواں ہفتے شہر میں دوسرا بم دھماکا ہوا ہے۔

7 جنوری کو بھی کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

آج سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے غوث آباد کی مسجد میں دھماکا ہوا جس میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 21 زخمی ہیں۔

مسجد میں ہونے والے حملے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مسجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے سچے مسلمان نہیں ہوسکتے۔

آرمی چیف نے ہدایت کی کہ پولیس اور سول انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔

اُدھر ترجمان پاک فوج کے مطابق ایف سی بلوچستان کے دستے کوئٹہ میں دھماکے کی جگہ پہنچ گئے ہیں اور جگہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دھماکے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ اسحاق زئی یکم اپریل 1963کو پیدا ہوئے اور یکم دسمبر 1988میں بطور اے ایس آئی پولیس کیریئر کا آغاز کیا۔

پانچ اکتوبر 2012 کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پائی اور اس وقت پولیس ٹریننگ کالج سریاب روڈ میں تعینات تھے۔

پولیس کیریئر میں وہ مختلف تھانوں و دفاتر میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ان کے بیٹے کو ایک ماہ قبل فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا تھا اور ان کے کیریئر کا زیادہ تر وقت پولیس ٹریننگ میں گزرا۔