موٹروے زیادتی کیس: خاتون نے ملزم عابد اور شفقت کو شناخت کر لیا

Abid and Shafqat

Abid and Shafqat

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون نے دونوں ملزمان عابد اور شفقت کو شناخت کر لیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض چوہان نے بتایا کہ ایک بچی کو ہراساں کرنے کی خبر سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا، بچی کے اہلخانہ نے ملزم کے خلاف سائبر کرائم کا مقدمہ درج کرایا تھا، 3 دن پہلے سوشل میڈیا پر بچی کو ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، بچی کو ہراساں کرنے والے لڑکے کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا جب کہ اس کے والد کو بھی پکڑ لیا گیا ہے۔

فیاض چوہان نے کہا کہ عوام الناس کو تحفظ فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اگرکوئی کسی بچے، بچی یا خاتون کو ہراساں کرے تو فوری رابطہ کریں، اگرکسی نے خاتون اور بچوں کوبلیک میل کیا توقانون حرکت میں آئے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ موٹروے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون نے دونوں ملزمان عابد اور شفقت کو پہچان لیا ہے، وقار الحسن کی گرفتاری سے ہی ملزم شفقت تک پہنچنا ممکن ہوا اور وقار الحسن کو مقامی لوگوں نے پولیس کے حوالے کیا، وقار نے سب کچھ بتایا کہ کون کون ملزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی سی پی او لاہور نے اپنی گفتگو پر قوم سے معافی مانگی، شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں غیر ذمہ دارانہ تقریر کی جس پر انہیں قوم سے معافی مانگنی پڑی۔