موٹر وے زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کا بہنوئی بھی گرفتار

Motorway Rape Case - Abid

Motorway Rape Case – Abid

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور موٹر وے زیادتی کیس میں پولیس کو اہم پیشرفت ہوئی ہے اور مرکزی ملزم عابد کی والدہ اور بیوی کے بعد بہنوئی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر گجر پورہ کے قریب خاتون کے ساتھ زیادتی کو 10 روز گزرنے کے باوجود ملزم تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس کی جانب سے ملزم کے مختلف تصویری خاکے بھی جاری کیے گئے ہیں اور ملزم عابد کی گرفتاری کا دائرہ دیگر صوبوں تک پھیلا دیا گیا ہے۔

کیس میں مرکزی ملزم عابد کا سالہ عباس اور خاتون کے ساتھ زیادتی میں عابد کے ساتھ شریک ملزم شفقت کے علاوہ وقار الحسن، عابد کی والدہ اور بیوی بھی گرفتار ہیں۔

اب پنجاب پولیس کو کیس میں ایک اور اہم پیشرفت ہوئی ہے اور عابد کے بہنوئی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا۔

2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔

جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

واقعے میں عابد کے ساتھ واردات میں ملوث شفقت کو گرفتار کرلیا گیا اور اس نے خاتون کے ساتھ زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔