فلم کی شوٹنگ کے دوران ہیرو نے سونو سود کو مارنے سے کیوں انکار کیا؟

Sonu Sood

Sonu Sood

بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی ادکار سونو سود کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ان کے فلاحی کاموں کی وجہ سے اب انہیں مرکزی کرداروں کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

سونو سود جو کہ بالی وڈ اور ساؤتھ انڈین فلموں میں زیادہ تر منفی کرداروں کی وجہ سے ایک ولن کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں اب ان کا تشخص تبدیل ہورہا ہے اور انہیں مرکزی کرداروں کی پیشکش ہونے لگی ہے۔

ایک انٹرویو میں سونوکا کہنا تھا ان کے نئے تشخص کی وجہ سے ان کی ایک نئی آنے والی تیلگو فلم کی شوٹنگ کے دوران فلم کے ہیرو اور ساؤتھ فلموں کے سپر اسٹار اور سابق سیاستدان چرن جیوی نے انہیں مارنے سے انکار کردیا اور کہا کہ اگر میں نے یہ منظر شوٹ کروایا تو لوگ مجھ پہ لعن طعن کریں گے ، جس کے بعد فلم کا اسکرپٹ تبدیل کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھارتی فلموں کے ولن حقیقی زندگی میں ایک ہیرو کے کردار میں نظر آئے اور لاک ڈاؤن میں پھنسے مزدوروں کی مدد کی اور انہیں گھر پہنچنے میں مدد فراہم کی جس کے باعث عوام میں ان کی عزت و احترام میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔