باؤ انور کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت، لاہور سے مشکوک خاتون گرفتار

Arrest

Arrest

سیالکوٹ (جیوڈیسک) ایک روز قبل سیالکوٹ میں قتل کئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے ضلعی نائب صدر باؤ انور کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

باؤ انور کے قتل کی تحقیقات کے دوران پولیس نے لاہور سے ایک خاتون کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول ایم کیو ایم رہنما کا موبائل ڈیٹا چیک کرنے پر خاتون نادیہ بی بی کو لاہور سے حراست میں لے لیا جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق باؤ انور کا قتل لین دین کے تنازع پر ہوا تاہم پولیس نے تحقیقات کے دائرہ کو وسیع کرتے ہوئے مجرموں کی گرفتاری کے لئے پانچ ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل سیالکوٹ کے علاقے شہاب پورہ میں موٹر سائیکل سوار 3 حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے باؤ انور کو قتل کردیا تھا جنہیں ابتدائی رپورٹ کے مطابق 13 گولیاں ماری گئیں۔