ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

Multan Sultans vs Islamabad United

Multan Sultans vs Islamabad United

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 7 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان لیگ کا 29واں میچ کھیلا گیا، جس کا ٹاس یونائیٹڈ کے حق میں رہا اور آصف علی نے پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز

اسلام آباد کی جانب سے ناصر نواز اور محمد حریرہ نے اننگز کا آغاز کیا جو اچھا نہ رہا کیونکہ 9 رنز پر حریرہ آؤٹ ہوئے، نئے آنے والے بلے باز لیام ڈاسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رُک سکے اور 36 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یاسر نواز اور اعظم خان بھی سلطانز کے بولر کا سامنا نہ کرسکے اور پویلین لوٹے یوں یونائیٹڈ کے چار کھلاڑی 52 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

پھر آصف علی کریز پر آئے تو وہ بھی ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنا کر 64 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، دانش عزیز بھی 6 رنز بنا کر 69 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ کا شکار بنے، ظفر گوہر 77 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے، محمد موسیٰ 26 اور لیام ڈاسن 22 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ سلطانز کے آصف آفریدی اور عمران طاہر نے 2 ، 2 اور ڈیوڈ ولی، شاہ نواز دھانی اور ٹم ڈیوڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو واپسی کی راہ دکھائی۔

ملتان سلطانز اننگز

ملتان سلطانز نے 106 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو 10 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود آؤٹ ہوئے، اس کے بعد امیر عظمت 14 رنز اور خوش دل شاہ 18 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹم ڈیوڈ تھے جو 17 کے انفرادی اور 43 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمد رضوان نے ڈیوڈ ویلے کے ہمراہ 68 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی اور ڈیوڈ ولی نے اُن کا بھرپور ساتھ دے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ملتان کی ٹیم نے 106 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے پلے آف میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی اور اسی کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اگلے مرحلے سے آؤٹ ہوگئی۔ ملتان سلطانز کے محمد رضوان نے 51 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز اور ڈیوڈ ولے نے 28 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ یونائیٹڈ کے لیام ڈاسن نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان کی فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی، جسے اپنے مزید سفر کے لیے ایلی مینیٹر راؤنڈ میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔

اس سے قبل ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دے کر اگلے مرحلے تک کوالیفائی کرنے کی راہیں روشن کیں۔