ممبئی ؛ ریکارڈ بارشوں میں ہلاکتیں 125 ہو گئیں

Mumbai Rain

Mumbai Rain

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی شہر ممبئی میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ریکارڈ بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ، کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 125 سے زائد ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، 250 ملی میٹر بارش سے نیا ریکارڈ قائم ہوگیا جب کہ بارشوں کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 125 سے زائد ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی۔

ریکارڈ بارشوں کے بعد شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کئی کلومیٹر تک پٹڑیاں زیر آب آنے کے باعث ٹرین سروس معطل ہوگئی ہیں جب کی دیگر ذرائع آمد و رفت بھی دستیاب نہیں۔ شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔

کسی ممکنہ حادثے کے پیش نظر میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سڑکوں پر جگہ جگہ درخت اور بل بورڈز گرے ہوئے ہیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے بعد مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں کرنٹ لگنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔

بھارت کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی ہے تاہم سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ممبئی میں ہوا ہے۔