بلدیہ کورنگی میں یکم تا عاشورہ محرم تک میونسپل ایمرجنسی نافذ۔ افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

DMC Korangi Karachi

DMC Korangi Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ کورنگی نے یکم تا عاشورہ محرم تک عزاداروں کو بلا تعطل بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے میونسپل ایمرجنسی نافذ کرکے تمام محکماجاتی افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے شاہ فیصل، ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں بروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا جہاں موجود میونسپل سروسز کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کے ذمہ دران موجود رہیں گے عزاداروں کو عشرہ محرم الحرام کے دوران تمام تر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے دستیاب وسائل اور کاوشوں کو بروئے کار لایا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کے عزادار تنظیموں کے فوکل پرسن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر لانڈھی زون کے فوکل پرسن شجاع عباس ،کورنگی زون کے فوکل پرسن جعفر عابدی اور ملیر ماڈل زون کے فوکل پرسن اختیار امام موجود تھے ،فوکل پرسنز نے چیئر مین بلدیہ کورنگی کو امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اس موقع پر چیئر مین سید نیئر رضا نے یقین دلا یا کہ بلدیہ کورنگی درپیش مالی مشکلات اور بے اختیاری کے باجوود عشرہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو مسائل سے پاک ماحول فراہم کرینگے انہوںنے کہاکہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کا آغاز کردیا گیا انشا اللہ عزادار تنظیموں ،امام بارگاہوں و جلوسوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ بلدیاتی انتطامات کو یقینی بنا یا جائیگا چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور بھائی چارگی کو فروغ دیں امن کے قیام اور علاقائی مسائل کے حوالے سے انتظامات کی بہتری میں اداروں سے تعاون کریں۔

پبلک ریلیشن آفیسر :ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کراچی