مری میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں

Murree Snowfall

Murree Snowfall

مری (اصل میڈیا ڈیسک) ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق مری میں اب تک ایک فٹ سے زائد برف پڑنے کے بعد شہری اور دیہی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

ملکہ کوہسار میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے پر محکمہ موسمیات اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے جس کے تحت کہا گیا ہے کہ مری جانے والے محتاط رہیں، برفباری کےدوران پھسلن سے بچنےکیلئے ٹائرز میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں اور ٹائروں پر چین استعمال کریں۔

دوسری جانب بلوچستان کے شمالی اضلاع میں گزشتہ رات رواں برس کی سرد ترین رات رہی اور کان مہترزئی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر این 50 شاہراہ پرمختلف مقامات پر برف جم گئی جس کے باعث کوئٹہ ژوب ہائی وے لائٹ اور کوئٹہ زیارت شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بندکردیا گیا۔

جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخواکے کئی شہروں میں بھی بادل جم کر برسے جس سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے جبکہ پشاور میں بھی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔