مشرف کی سزائے موت پر عملدرآمد رکوانے کیلئے ہائیکورٹ میں دوبارہ متفرق درخواست دائر

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت پر عملدرآمدر کوانے کیلئے ہائیکورٹ میں دوبارہ متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی سزائے موت پر عملدرآمدر کوانے کیلئے دوبارہ متفرق درخواست دائر کر دی گئی، جو سماعت کے لیے بھی مقرر کر دی گئی ہے۔ جسٹس سید مظاہرعلی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بینچ پرویز مشرف کی درخواست پر کل سماعت کرے گا۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ خصوصی عدالت نے غداری کیس کا فیصلہ عجلت میں سنایا، خصوصی عدالتی کی تشکیل سے متعلق معاملہ عدالت میں زیر التوا تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پرویز مشرف کی سزا پر عمل درآمد روکنے کا حکم جاری کرے۔

اس سے قبل بھی پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔ سابق صدر کی جانب سے خصوصی عدالت کی سزا کے خلاف دائر درخواست میں پیرا 66 پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے حذف کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔