مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کو کیمپ جیل لاہور سے رہا کر دیا گیا

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو کیمپ جیل لاہور سے رہا کر دیا گیا ہے۔ انھیں منشیات سمگلنگ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جیل سے باہر آنے پر لیگی کارکنوں نے ان کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی اور ان کا والہانہ استقبال کیا۔ لیگی کارکنوں کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو پھولوں کے ہار پہنائے گے جبکہ پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔

منشیات کیس میں گرفتار ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ پانچ ماہ پچیس دن بعد جیل سے رہا ہوئے۔ ٹرائل کورٹ کے ججز کے رخصت پر ہونے کے باعث لاہور ہائیکورٹ میں ہی ان کے مچلکے جمع کرائے گئے جن کی تصدیق کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جیل سپریٹنڈنٹ کے نام پر جاری کی گئی۔

روبکار موصول ہونے کے بعد جیل میں جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا گیا اور رانا ثنا اللہ کو رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے موقع پر رانا ثنا اللہ کی اہلیہ اور داماد سمیت لیگی کارکن کی بڑی تعداد اظہار یکجہتی کے لیے جیل کے باہر پہنچی۔ تاہم وہ میڈیا سے بات کیے بغیر اپنی فیملی کے ہمراہ روانہ ہو گئے۔