مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان انتقال کر گئے

Mushahid ullah Khan

Mushahid ullah Khan

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے مشاہد اللہ خان کے انتقال کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مشاہد اللہ خان کافی عرصے سے علیل تھے۔

مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ مسلم لیگ کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر رہے۔

مشاہد اللہ خان نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی اسکول راولپنڈی سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورڈون کالج سے گریجویشن مکمل کیا اور پھر اردو لاء کالج کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

سینیٹر مشاہد اللہ کے بیٹے ڈاکٹر افنان کے مطابق ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر اسلام آباد کے سیکٹر الیون ایچ میں ادا کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے مشاہداللہ خان کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان پارٹی کے وفادار اور سینئر رہنما تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ سینیٹرمشاہداللہ خان کے انتقال کی خبر سن کر ان کو دھچکا لگا، ان کا انتقال مسلم لیگ ن کے لیے بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مشاہداللہ خان کے خلوص اور والد جیسی محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گی۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر افسوس اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ان کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے۔