نیب نے مریم اور صفدر کی ضمانتیں منسوخ کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

نیب نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہےکہ مریم نواز اور محمد صفدر نے ضمانت کا غلط استعمال کیا اور مریم نواز نیب کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی مرتکب ہوئیں۔

نیب کی جانب سے کہا گیا ہےکہ نیب لاہور میں طلبی پر نیب آفس پر حملہ بھی کیا گیا، ملزمان کا کنڈکٹ ان کےخلاف گواہان پر بھی دباؤ ڈالنے کا سبب بنا۔

نیب کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت نےمریم نوازکو 7سال قید اور 2 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی، ان کوکوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا، 6 جولائی 2018 کو سنائی گئی سزاکےخلاف اپیل تاحال زیرالتوا ہے، اپیل پر گزشتہ 8 سماعتوں میں 5 بار اپیل کنندگان نے التوا مانگا۔

نیب کی جانب سے استدعا کی گئی ہےکہ 19 ستمبر 2018 کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرکےضمانت دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہےکہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کالعدم قرار دینے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔