نیب اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر ردعمل دینا چھوڑ دے: صدر مملکت

Dr Arif Alvi

Dr Arif Alvi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر ردعمل دینا چھوڑ دے۔

انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہنا تھا احتساب طاقتور اور بڑے آدمی سے شروع ہونا چاہیے اور پاکستان میں احتساب غیر سیاسی بنیادوں پر آگے بڑھ رہا ہے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق جس پر الزام لگتا ہے وہ ثابت کرتا ہے کہ میری دولت جائز ہے، نیب اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر ردعمل دینا چھوڑ دے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر شہری اپنے ووٹ کی طاقت سے سیاست میں بدعنوانی کا خاتمہ کر سکتا ہے اور انتخابی نظام میں بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا ریاست مدینہ ہر مسلمان کا خواب ہے لیکن بدقسمتی سے اشرافیہ اور عام آدمی کے لیے الگ قانون کے چیلنج کا آج بھی سامنا ہے۔