نیب نے ان لوگوں سے فراڈ کیا جنہیں فراڈ ڈھونڈنے کیلیے رکھا تھا: کاوہ موسوی

Moussavi

Moussavi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) برطانوی فرم براڈ شیٹ کے چیف ایگزیکٹو کاوہ موسوی کا کہنا ہے کہ نیب نے ان لوگوں سے فراڈ کیا جنہیں فراڈ ڈھونڈنے کے لیے رکھا تھا۔

عدالتی فیصلہ پبلک ہونے کے بعد کاوہ موسوی نے کہا کہ انہوں نے 4 سال پہلے ایک ارب ڈالر منتقلی کا انکشاف کیا تھا لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سوال نیب سے کرنا چاہیے کہ کاوہ موسوی نے الرٹ کیا تھا تو آپ نے کیا کیا؟جب ہم حکومت پاکستان سے بات کررہےتھے تو اس دوران ایک شخص نےرابطہ کیا، وہ آدمی مجھ سے ملا اور حصہ مانگا،اس کی بات سن کر میں دنگ رہ گیا، میں نے ویٹر سے کہا کہ اس آدمی کی کافی کا بل یہ خود دے گا۔

کاوہ موسوی کا کہنا تھا کہ میں نے انسداد بدعنوانی کی تاریخ میں کسی عدالت کو یہ کہتے نہیں سناکہ حکومت نے ایک ایسی کمپنی سے پیسے چرانے کی کوشش کی جس کی خدمات اس نے خود پیسے نکلوانے کے لیے لی تھیں، یہ واضح طورپر ایسا فیصلہ تھا جس میں انہیں ٹھکرادیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری پاکستان کی نئی حکومت سے درخواست ہےکہ وہ عدالتی فیصلے پر غور کرے، میں افواج پاکستان پرکوئی الزام نہیں لگارہا، میں پاکستانی انٹیلی جنس سروسز پر کوئی الزام نہیں لگارہا، میں یہاں آنےوالے کسی عہدیدار پر بھی الزام نہیں لگارہا جس نے خود کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا حصہ ظاہر کیا، میرے پاس یہ جاننے کا کوئی طریقہ نہیں کہ جو شخص خود کو جنرل بتا رہا ہے جس کا نام ملک ہے، وہ کون ہے، میری اس سے پہلے یا بعد میں کبھی اس شخص سےملاقات نہیں ہوئی۔

کاوہ موسوی کے مطابق اس شخص نے کہا آپ بہت کمانے والے ہیں، حقیقت یہ ہےکہ آپ کو پیسےکی سیٹلمنٹ کرناہوگی اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں بھی حصہ ملنا چاہیے، مجھے یہ سن کر دھچکا لگا اور میں نے ان سے کہاکہ اپنی بات دوبارہ کہیں، اس نے دیکھاکہ مجھے دھچکا لگا ہے تو اس نے اپنی بات سفارتی انداز میں دوبارہ ترتیب دی۔

کاوہ موسوی نے دوران گفتگو وزیر اعطم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہرحکومت میں بے وقوف لوگ ہوتے ہیں، میراعمران خان کومشورہ ہےکہ اس بے وقوف آدمی کو وزیر کے عہدے سے ہٹادیں۔