نیب اپنی ناک پر بیٹھی مکھی نہیں اڑا سکتا، سب کچھ اوپر سے ہو رہا ہے۔ رانا ثنااللہ

 Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ نیب اس وقت اپنی ناک پر بیٹھی مکھی نہیں اڑا سکتا سب کچھ اوپر سے ہو رہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب میں پیش ہوئے۔

نیب دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نیب احتساب کا ادارہ نہیں ہے، اسے ساری ہدایات حکومت دیتی ہے اور اس ادارے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اس وقت اپنی ناک پر بیٹھی مکھی نہیں اڑا سکتا سب کچھ اوپر سے ہورہا ہے، اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کے لیے اسے استعمال کیا جارہا ہے، اس لیے نوٹس دینا نیب کی مجبوری ہے، یہ ایک مجبور ادارہ بن چکا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بلین ٹری انکوائری پر کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، اپوزیشن رہنماؤں کو انکوائری کے دوران ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے، انکوائری جب اپوزیشن کے خلاف ہوتی ہے تو کوئی اصول مدنظر نہیں رکھا جاتا۔

رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ ہمارا فیصلہ ہے نواز شریف اپنا علاج مکمل کروائیں اس کے بعد وطن واپس آئیں، وہ ہمارے قائد ہیں، پارٹی ان کی قیادت میں متحد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 ستمبر کو اپوزیشن اپنا مشترکہ لائحہ عمل بنائے گی اور اپنی جدوجہد کا آغاز کرے گی، اپوزیشن کی اے پی سی جو فیصلہ کرے گی ن لیگ ساتھ ہو گی۔