قوم نے جس طرح کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا، اس پر فخر ہے: وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عوام کی جانب سے مظلوم کشمیری بھائیوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرنے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم نے آج جس طرح کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا، اس پر فخر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ پاکستانی قوم نے کشمیریوں کو باور کرایا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم نے دنیا کو بھارت میں آر ایس ایس کے نازی نظریے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے لکھا کہ آر ایس ایس کے نظریے سے ناصرف خطے بلکہ پوری دنیا کو خطرہ ہے۔ فاشسٹ مودی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا ایجنڈا ہے۔

خیال رہے کہ آج پوری پاکستانی قوم نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن بھرپور طریقے سے منایا اور دنیا کو پیغام دیا کہ ہم اپنے مظلوم بھائیوں کیساتھ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 80 لاکھ کشمیری 4 ہفتے سے کرفیو کے باعث بند ہیں۔ کشمیریوں کے دکھ میں پوری طرح شامل ہیں۔ بھارتی حکومت انسانوں پر ظلم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا آر ایس ایس میں مسلمانوں کیخلاف نفرت ہے۔ یہ تنظیم جرمن نازی پارٹی سے متاثر ہو کر بنائی گئی۔ آر ایس ایس کا نظریہ ہے کہ مسلمانوں کو برابری کا حق نہیں ملنا چاہیے۔ آر ایس ایس کے نظریے نے بھارت پر قبضہ کرلیا، ہر فورم پر کشمیرکی جنگ لڑوں گا۔