قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا گیا

 National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن کی کال پر قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کے گھر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام اور قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلائے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروزجمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب بلائے جانے کے لیے 14 روز کی آئینی مدت 21 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔

تاہم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی اجلاس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں مرحوم ایم این اے کی دعائے مغفرت کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے بعد اجلاس کو آگے بڑھانے کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ اگر اسپیکر نے قومی اسمبلی کے 21 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے نہ بڑھائی تو ہم قومی اسمبلی میں ہی دھرنا دے دیں گے۔

اپوزیشن کے اس بیان کے بعد وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 کے بجائے 25 مارچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔