قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح اور بولنگ کوچ وقار یونس کو ایک اور موقع مل گیا

 Waqar Younis and Misbah

Waqar Younis and Misbah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کو ایک اور موقع مل گیا۔ سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر سلیم یوسف کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کے ارکان نے قومی کرکٹ ٹیم کی گزشتہ 16 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم نے 10 ٹیسٹ میچز کھیلے، جہاں 2 میں اسے کامیابی اور 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایک روزہ انٹرنیشنل فارمیٹ میں پاکستان نے 5 میچز کھیلے، جن میں سے چار میں اسے کامیابی ملی، اس دوران پاکستان نے 17 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جس میں سے 7 میں اسے کامیابی اور 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سربراہ کرکٹ کمیٹی سلیم یوسف کا کہنا تھا کہ کمیٹی جنوبی افریقاکے خلاف ہوم سیریز کے بعد ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گی، جہاں دوسری پوزیشن پر آنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا۔

کرکٹ کمیٹی نے نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہی نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

کمیٹی کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم کے انتخاب اور فائنل الیون کے لیے کھلاڑیوں کے چناؤ میں بہتری ہونی چاہیے تھی، مشکل صورت حال سے نمٹنے کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری میں سائنس اور ڈیٹا بیس سے مدد لینے پر بھی زور دیا گیا۔