قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان: شاہد خاقان و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) احتساب عدالت نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

کراچی کی احتساب عدالت میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب حکام کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان نے وزیر پیٹرولیم کی حیثیت سے ایم ڈی پی ایس او عمران الحق تقرر غیر قانونی طور پر کیا۔

نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر قومی خزانے کو 138 ملین سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ان میں سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق، یعقوب ستار اور ارشد مرزا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔