قومی ویمن کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی

Women's Cricket Team

Women’s Cricket Team

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور خواتین کی اے کرکٹ ٹیم آئندہ ہفتے ویسٹ انڈیز کا دورہ کریں گی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اور پاکستان ویمن اے ٹیم 23 جون کو لاہور سے ویسٹ انڈیز کیلئے روانہ ہوں گی۔

پاکستان ویمن ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے میچز کھیلے گی جبکہ پاکستان ویمن اے ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان ویمن ٹیم 30 جون، 2 اور 4 جولائی کو ٹی ٹوئنٹی جبکہ 7 ، 9 ، 12، 15 اور 18 جولائی کو ون ڈے میچز کھیلے گی۔

پاکستان ویمن اے ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی میچز 30 جون، 2 اور 4 جولائی جبکہ ایک روزہ میچز 10، 13 اور 16 جولائی کو ہوں گے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز آئی سی سی ویمن کوالیفائر کیلئے مفید ثابت ہو گا، کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کرنا پی سی بی کی حکمت عملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹرز نے ملتان اور کراچی کے ہائی پرفارمنس کیمپ میں بہت محنت کی ہے اور امید ہے ٹیمیں بہترین نتائج دیں گی۔