نواز شریف نے میری نیک نیتی کا فائدہ اٹھایا: آصف زرداری

Asif Zardari

Asif Zardari

لاہور (جیوڈیسک) آصف زرداری نے نواز شریف سے دوریوں کی تفصیلات سینئر پارٹی قائدین کے سامنے رکھ دیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے نواز شریف سے دوریوں کے راز کھولتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف نے مجھے ہر موقع پر اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملایا، میں نے مشرف کے مواخذے کا اعلان کیا تو نواز شریف پیچھے ہٹ گئے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ بنایا تو ہم نے ساتھ دیا، نواز شریف نے یقین دلوایا وہ پرویز مشرف کو جانے نہیں دیں گے، میں نے مشرف کو جانے نہ دینے کا بیان دیا تو نواز شریف نے انہیں باہر بھجوادیا، پتا چلا نواز شریف مجھے یقین دلوانے سے پہلے مشرف پر ڈیل کر چکے تھے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر کا کہنا تھا کہ اینٹ سے اینٹ والا بیان بھی نوازشریف کی ایسی ہی چال میں آکر دیا تھا۔

آصف زرداری نے کہا کہ میرے بیان کا فائدہ لےکر نواز شریف نے راحیل شریف سے معاملات سیدھے کرنے کی کوشش کی، نواز شریف اپنے قریبی افسر کے ذریعے مجھے بہکاتے رہے، ہم نواز شریف کو جتنا بھولا سمجھتے ہیں وہ کہیں زیادہ چالاک اور موقع پرست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت، آئین اور سویلین بالادستی کی نیت سے ہاں میں ہاں ملاتے رہے، ہم سیاست اور نواز شریف تجارت کرتے رہے، انہوں نے ہمیں ہر موقع پر بیچا اور ہم ہر بار ان کے دھوکے میں آئے۔

پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں سیاست سے ہٹ کر نوازشریف سے سماجی تعلقات رکھنا چاہ رہا تھا، نواز شریف نے میری نیک نیتی کا فائدہ اٹھایا، سندھ میں نیب اور دیگر اداروں سے کارروائیاں بھی نواز شریف کے کہنے پر ہوئیں، نواز شریف اب بھگتیں، اب کسی صورت ہاتھ نہیں ملاؤں گا۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری سے میڈیا کا کوئی وفد نہیں ملا، نا ہی سابق صدر نے میڈیا سے بات کی ہے اور نا ہی بلاول ہاؤس لاہور سے آصف زرداری کا کوئی بیان جاری ہوا ہے۔