نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو دی گئی تینوں گاڑیاں واپس لے لی گئیں

 Shahid Khaqan Abbasi and Nawaz Sharif

Shahid Khaqan Abbasi and Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن نے دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو دی گئی سرکاری گاڑیاں واپس لے لیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق نواز شریف کو دو اور شاہد خاقان عباسی کو ایک گاڑی دی گئی تھی تاہم دونوں وزرائے اعظم کی گاڑیوں کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ قانون کے مطابق سابق وزیراعظم کو استعمال کیلئے گاڑی دی جاسکتی ہے جس کی منظوری کابینہ سے لی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے دونوں سابق وزرائے اعظم سے گاڑیوں کی واپسی کیلئے کابینہ ڈویژن کو خط لکھا تھا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پر توشہ خانہ کیس میں گاڑیوں سمیت قیمتی تحائف کو ذاتی استعمال میں لانے کا الزام ہے اور اس حوالے سے نیب کی ٹیم نے ان سے جیل میں تفتیش کی ہے۔