ناظم جوکھیو قتل کیس کا تفتیشی افسر ایک بار پھر تبدیل

 Nazim Jokhio

Nazim Jokhio

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ناظم جوکھیو قتل کیس کا تفتیشی افسر ایک مرتبہ پھر تبدیل کر دیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر میں کیس کے نئے تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن توسیع کی درخواست جمع کروائی۔

انسپکٹر سراج لاشاری نے عدالت کو بتایا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس کے پرانے تفتیشی افسر مجتبیٰ باجوہ سے کل تفتیش میرے حوالے کی گئی ہے۔

تفتیشی افسر سراج لاشاری نے عدالت کو بتایا کہ مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 6 ملزمان زیر حراست ہیں جبکہ ایم این اے جام عبدالکریم سمیت 4 نامزد ملزمان نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔

چند روز قبل ناظم جوکھیو کا موبائل فون اور کپڑے ملیر میں جام ہاؤس کے قریب پرانے کنویں سے ملے تھے جبکہ کیس کے تفتیشی افسر نے بتایا تھا کہ ناظم جوکھیو کو جام ہاؤس کے وئیر ہاؤس میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔