ناظم جوکھیو قتل: لواحقین کا نیشنل ہائی وے پر احتجاج، ٹریفک کا نظام درہم برہم

Protest

Protest

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ملیر سے ناظم جوکھیو نامی شہری کی لاش ملنے کے بعد اس کے لواحقین نے نیشنل ہائی وے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

جیونیوز کے مطابق ناظم جوکھیو کے لواحقین کے ساتھ دیگر مظاہرین نے نیشنل ہائی وے پر شدید احتجاج کیا اور ہائی وے کو دونوں ٹریک سے بند کر دیا۔

مظاہرین نے ٹائر جلا کر کراچی سے ٹھٹھہ آنے اور جانے والے روڈ مکمل بلاک کردیے جس کے باعث ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جب کہ مظاہرین نے پولیس اور سندھ حکومت کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا ہےکہ ناظم جوکھیوکے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز ملیر کے علاقے میمن گوٹھ کے قریب سے ناظم جوکھیو نامی شخص کی لاش ملی تھی جس سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں کہ ناظم جوکھیو نے پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی کے مہمانوں کےشکار کی ویڈیو وائرل کی تھی۔

ناظم جوکھیو کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ناظم نے پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس کے مہمانوں کے شکارکی ویڈیو وائرل کی تھی، ویڈیو منظر عام پرآنے کے بعد ناظم جوکھیو کو جام اویس نے ملیر میں اپنے گھر بلاکر وحشیانہ تشدد کیا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔