مذاکرات ناکام، طلبا کی جامعہ بلوچستان کو بند کرنیکی دھمکی

University of Balochistan

University of Balochistan

بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) جامعہ بلوچستان میں طلبا اور مذاکراتی کمیٹی کی بات چیت ناکام ہو گئی۔

جامعہ بلوچستان سے 2 طالبعلموں کی گمشدگی کے حوالے سے قائم پارلیمانی کمیٹی اور طلبا تنظیموں میں مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے پیش نظر طلبا تنظیموں نے ایک مرتبہ پھر بلوچستان یونیورسٹی کے داخلی دروازوں پر دھرنے دیتے ہوئے آج سے یونیورسٹی کے امتحانات، اکیڈمک اور نان اکیڈمک سرگرمیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

طلبا کی جانب سے آج سے یونیورسٹی کے تمام دروازے بندکرنے کی دھمکی دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جامعہ میں کلاسز ہوں گی اور نہ ہی امتحان ہونے دیں گے۔

طلبا تنظیموں کے رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی کے ممبران زبیر بلوچ، بالاچ قادر اور دیگر کا کہنا ہے کہ منگل کے روز پارلیمانی کمیٹی سے دوبارہ ہونے والے مذاکرت مایوس کن رہے۔

مذاکرات میں پیشرفت نہ ہونے پر طلبا تنظیموں نے منگل کی شب سے ہی بلوچستان یونیورسٹی کے تمام داخلی دروازوں پر احتجاجی دھرنے دے دیے جبکہ آج بروز بدھ سے بلوچستان یونیورسٹی کے امتحانات، اکیڈمک نان اکیڈمک سرگرمیوں کا بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔