نیوزی لینڈ آئندہ سال سیریز کی آس دلانے لگا

New Zealand

New Zealand

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ آئندہ سال سیریز کی آس دلانے لگا۔

جمعے کے روز پہلا ون ڈے شروع ہونے سے قبل کیویز نے اچانک سیکیورٹی تھریٹ کا جواز پیش کرتے ہوئے دورہ ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا، اس یکطرفہ فیصلے پر پی سی بی اور شائقین دونوں حیران وپریشان رہ گئے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اسکواڈکو دبئی منتقل کرنے کیلیے اپنے خرچ پر چارٹرڈ طیارے کا انتظام کیا، قرنطینہ اور ہوٹل کے قیام کا بوجھ بھی اٹھایا۔

دورہ ختم کرنے کے بعد سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ بھی مسلسل صفائیاں دیتے ہوئے اپنی مجبوری کا رونا رو رہے ہیں، وہ آئندہ سیریز ری شیڈول کرنے، مالی نقصان پر بات کرنے سمیت مصالحت کے راستوں پر مبنی بیانات بھی دینے میں مصروف ہیں۔

انھوں نے آئندہ سال شیڈول ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ہی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز بھی رکھنے کا عندیہ دے دیا، دوسری جانب صدماتی کیفیت کا شکار پی سی بی اور شائقین کوئی لالی پاپ قبول کرنے پر تیار نہیں نظر آتے۔

سی سی او وسیم خان واضح کر چکے کہ ہم اپنی ہر ہوم سیریز صرف ملک میں کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہیں، کیویز کو میچز کھیلنا ہیں تو پاکستان آکر کھیلیں،پاکستان ٹیم کے پاس فی الحال فری ونڈو بھی دستیاب نہیں ہے۔